کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے‘ حافظ نعیم

227

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بارش میں کے الیکٹرک نے بجلی بندکرکے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ بارش ہوتے ہی شہر کے بیشتر علاقے رات گئے تک بجلی سے محروم رہے ۔عین بارشوں کے دوران کے الیکٹرک نے فالٹ کے نام پر بن قاسم پاور پلانٹ کے کچھ یونٹ بند کر دیے ۔ کے الیکٹرک کی جانب سے غلط بیانی پر مبنی بیانات دے کر عوام کو مسلسل بے وقوف بنانے اور اپنی نا اہلی و ناقص کارکردگی کو چھپانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ صوبائی حکومت اور بلدیاتی قیادت کو صرف نمائشی دورے کرنے اور فوٹو سیشن کرانے سے فرصت نہیں ہے جبکہ عوام کا کوئی پُر سان ِ حال نہیں ۔ کے الیکٹرک اور حکومتوں کی نا اہلی ، بد انتظامی اور مجرمانہ غفلت و لاپروائی نے بارانِ رحمت کو شہریوں کے لیے زحمت میں تبدیل کر دیا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں مون سون کی بارشوں کے چوتھے اسپیل کے دوران 11سے زایدقیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے ۔ کراچی کے عوام کو صفائی ستھرائی کے انتظامات کے باوجود پریشانیوں اور اذیت کا سامنا کرنا پڑا ۔ نالوں کی بحالی ، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے انتظامات کے بہتر کیے جانے کے دعوئوں اور اعلانات کے باوجود صورتحال بدستور خراب رہی ،نوبت یہاں تک پہنچی کہ برساتی پانی مساجد میں داخل ہونے کی وجہ سے نمازی باجماعت نماز کی ادائیگی سے محروم رہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بارش کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے حال ہی میںتعمیر ہونے والی بہت سی سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ کچرے کے ڈھیروں نے آمد و رفت میں شدید رکاوٹیں پیدا کردی ہیںاور عوام کو جگہ جگہ شدید ٹریفک جام کا بھی سامنا کرنا پڑا ۔