آسیان ممالک کے ساتھ مستحکم شراکت داری کیلیے پرعزم ہیں‘شاہ محمود

244

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آسیان کی 53 ویںسالگرہ کے موقع پر پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے تنظیم کے رکن ممالک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آسیان ممالک کے ساتھ شراکت داری کو بلندسطح تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔پاکستان اپنی ’’ویژن ایسٹ ایشیا‘‘ پالیسی کے تحت آسیان اور اس کے رکن ملکوں کے ساتھ سیاسی ، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرتا رہے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ 8 اگست 1967ء کا وہ تاریخی دن ہے جب 5 جنوب مشرقی ایشیائی ممالک نے تعاون، اتحاد اور عدم مداخلت کے اصولوں کی بنیاد پر مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا تھا۔ آسیان 10 ارکان پر مشتمل متحرک تنظیم ہے ، ان رکن ملکوں کا رقبہ 4.4 ملین مربع کلومیٹر 649 ملین سے زیادہ آبادی اور جی ڈی پی 2.9 ٹریلین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔ آسیان کمیونٹی ویژن 2025ء جو آسیان کے سیاسی تحفظ ، اقتصادی اور سماجی و ثقافتی اجزا پر مشتمل ہے ، خطے کے عوام اور معیشت کی بے پناہ صلاحیتوں کو مزید متحد ، ہم آہنگی اور استحکام کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔