مانچسٹر ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان سے فتح چھین لی

303

کراچی (اسپورٹس ڈیسک)اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے مانچسٹر ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی، انگلش ٹیم نے پاکستان کا 277 رنز کا ہدف چوتھے دن ہی 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں واقع اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا گیا جہاں کھیل کے چوتھے روز پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا۔انگلش ٹیم نے کھیل کے چوتھے ہی روز پاکستانی ٹیم کا دیا گیا 277 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ اپنے نام کرلیا۔ فتح میں اہم کردار ووکس اور جوز بٹلر نے ادا کیا جنہوں نے بالترتیب 84 اور 75 رنز اسکور کیے جب کہ ووکس ناٹ آؤٹ رہے۔انگلش کھلاڑیوں میں پہلی وکٹ 22 رنز پر برنس کی گری، برنس نے 10 رنز بنائے اور محمد عباس نے انہیں ایل بی ڈبلیو کردیا۔ سبلے نے 114 گیندوں پر 36 رنز اسکور کیے تاہم وہ یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔96 کے اسکور پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ گری، نسیم شاہ کی گیند پر جوئے روٹ بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر 42 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ یاسر شاہ نے چوتھے نمبر کے کھلاڑی بین اسٹوکس کو نشانہ بنایا، اسٹوکس رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جو کہ 9 رنز بناسکے۔ٹیم کے 117 رنز پر5ویں وکٹ اولے پوپ کی گری جو 7 رنز پر شاہین آفریدی کی گیند پر شاداب خان کے ذریعے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد جوزف بٹلر آئے جو 75 رنز کا بڑا اسکور کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 256 پر لے گئے۔ انہیں یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔براڈ 7 رنز بناسکے اور یاسر شاہ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بٹلر کے بعد کرس ووکس آئے اور چھا گئے، انہوں نے 120 گیندوں پر دھواں دھار ناقابل شکست اننگ کھیلی اور 84 رنز اسکور کرکے ٹیم کو فتح دلائی۔ بولنگ سائیڈ میں پاکستانی بولرز محمد عباس اور نسیم شاہ نے، شاہین آفریدی ایک ، ایک وکٹ اور یاسر شاہ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ عباس نے 16 اوورز کے عوض 36 رنز، نسیم شاہ نے 13 اوورز کے عوض 45 رنز، یاسر شاہ نے 30 اوورز کے عوض 99 رنز، شاہین آفریدی نے 15 اوورز کے عوض 61 رنز اور شاداب خان نے 8 اوورز کے عوض 34 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔قبل ازیں پاکستان کو دوسری اننگز میں 107 رنز کی برتری ملی لیکن بدقسمتی سے دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ثابت ہوئی اور کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور یوں پوری ٹیم 169 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔پہلی اننگز کے سنچری میکر شان مسعودکوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ 33 رنز بناکر نمایاں رہے، اسد شفیق 29 اور محمد رضوان 27 رنز بناسکے۔انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ 3، کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔