نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کردی

463

کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد متحدہ عرب امارات میں نجی اسکولوں نے اپنی فیسوں میں کمی کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابو ظہبی کے نجی اسکولوں نے طلبہ کو اپنی طرف راغب کرنے کیلئے 30 فیصد تک رجسٹریشن فیس اور آن لائن تعلیم کی صورت میں 50 فیصد تک فیس کم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

ابو ظہبی میں ایک اسکول کے پرنسپل کا کہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال میں طلبہ کی تعداد کم ہے، بہت سارے طلبہ کے والدین نرسری میں بچوں کو داخل کروانے سے خوفزدہ ہیں۔

 دوسری جانب  ایک اور رجحان یہ ابھر رہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے بعد والدین اپنے بڑے بچوں کو ایسے اسکولوں میں داخلہ دلانے کی تگ و دو میں لگ گئے ہیں جہاں فیسیں کم ہوں۔چنانچہ نجی اسکولوں نے داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے سوشل میڈیا پر مختلف ترغیباتی پیکجز کی تشہیر شروع کی ہے، سرپرستوں سے کہا جا رہا ہے کہ اگر اسکول میں بھائی اور رشتہ دار داخلہ لیں گے تو انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

اسکولوں نے کہا ہے کہ وہ رجسٹریشن فیس معاف کردیں گے جبکہ تعلیمی فیس میں بھی رعایت دی جائے گی، تعلیم مکمل آن لائن ہونے کی صورت میں مزید رعایتیں پیش کی جائیں گی۔