چین میں ایک اور کینیڈین شہری کو سزائے موت

582

چین میں ایک اور کینیڈین شہری پر منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں سزائے موت سنا دی گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو روز میں چین کی عدالتوں سے کینیڈین شہریوں کو سزائے موت سنائے جانے کا یہ دوسرا حکم ہے جب کہ 2018 سے کینیڈا میں گرفتار ہواوے کمپنی کے اعلیٰ افسر کی گرفتاری کے بعد سے یہ چوتھا حکم ہے۔
امریکا کی جانب سے وارنٹ پر کینیڈین پولیس کے ہاتھوں ہواوے کے چیف فنانشل آفیسر کی گرفتاری کے بعد سے کینیڈا اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔
جنوبی شہر فوشن کی عدالت نے ٹرائل مکمل ہونے پر یی جائن ہوئی کینیڈین شہری کو سزائے موت سنائے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 218 کلوگرام منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ملزم پر منشیات اسمگلنگ کرنے اور اس کی تیاری کے الزامات کے تحت فردجرم عائد کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی چین میں کینیڈین شہری کو منشیات بنانے کے جرم میں سزائے موت سنائی تھی۔ عدالت نے ویب سائٹ پر جاری نوٹس میں لکھا کہ مقدمے کی سماعت میں کینیڈین شہری سوویہونگ کو سزائے موت جب کہ ساتھی کو عمر قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔