اسٹاک مارکیٹ،72 کروڑ 87 لاکھ 68 ہزار 95 حصص کے سودے

175

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کا اختتام مایوس کن انداز میں ہوا۔جمعہ کوشیئرزمارکیٹ میں کاروبار کی ابتداء مثبت زون میں ہوئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی خریداری میں تیزی دیکھی گئی جس کی وجہ سے ایک موقع پر100 انڈیکس 300 پوائنٹس کی تیزی سے 40467 پوائنٹس تک بھی پہنچ گیا لیکن بعد ازاںشہر میں طوفانی بارش نے سرمایہ کاروں کے ہاتھ کھینچ لیے اور منافع کے حصول کی خاطر انہوں نے شیئرز کی فروخت شرو ع کردی جس سے تیزی کی جانب جانے والی پاکستان اسٹاک مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی اور100 انڈیکس 40100پوائنٹس کی سطح سے نیچے آگیا۔ کاروبار میں مندی کے باعث مارکیٹ میں سرمایہ کاروںکو8ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کوسرمایہ کاروں کی جانب سے ٹیلی کام،فوڈز،کمیونیکیشن، سیمنٹ ،اسٹیل اور پیٹر ولیم سیکٹر ز میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں136.43پوائنٹس کی کمی سے 40029.69 پوائنٹس رہ گیا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس127.52پوائنٹس کم ہو کر 17297.04 پوائنٹس پر بند ہوا۔