اسما سفیر کی شہید رفیق تنولی کے اہلخانہ سے ملاقات و دعائے مغفرت

233

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسما سفیر اور معتمدہ کراچی فرح عمران نے کشمیر ریلی میں دھماکے میں شہید ہونے والے رفیق تنولی کے گھر جا کر ان کی والدہ، بچوں اور بیوہ سے ملاقات اور دعائے مغفرت کی۔ دریں اثنا جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسما سفیر نے کراچی نظم کے تحت آن لائن تعزیتی دعائیہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی امت مسلمہ کے لیے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہی ہے‘ ہم ڈرنے اور دبنے والے لوگ نہیں‘ سچائی اور حق کی خاطر قربانیاں دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت مخالف ریلی میں بم دھماکا کرنے والے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے‘ رفیق تنولی کے چھوٹے بچوں کی آہیں انہیں کبھی چین نہیں لینے دیں گی۔ اس موقع پر نائب ناظمہ صوبہ رخشندہ منیب نے کہا کہ عوام خصوصاً خواتین کو رجوع الی اللہ اور توبہ استغفار کی طرف مائل کیا جائے اور بڑے پیمانے پر معاشرے میں نیکی اور خیر کی دعوت پھیلائی جائے تاکہ برائیوں کا زور ٹوٹے اور مثبت سوچ اور فکر کو فروغ حاصل ہو۔ اس موقع پر معتمدہ کراچی فرح عمران نے خصوصی دعا کی‘ پورے عالم اسلام لبنان، شام، عراق، کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے لیے بھی دعا کی گئی۔ جماعت اسلامی کی پر امن کشمیر ریلی پر شرمناک کریکر حملہ کیا گیا‘ اس ظالمانہ کارروائی کے نتیجے میں قیمتی جان کے نقصان کی ذمے دار حکومت وقت ہے جو طاقت دشمن پر استعمال کرنا چاہیے تھی وہ اپنے ہی محب وطن سرفرو شوں کے خلاف استعمال ہو رہی ہے ‘ اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔