رفیق تنولی نے اپنی زندگی غلبہ دین کیلیے وقف کر رکھی تھی‘ راشد نسیم

206

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم نے کراچی کشمیر ریلی میں بم دھماکے میں زخمی ہونے والے رفیق تنولی کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے بلندیٔ درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ راشد نسیم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ رفیق تنولی نے اپنی پوری زندگی غلبہ دین اور ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے وقف کر رکھی تھی‘ رفیق تنولی کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں ہمیشہ صف اول میں ہوتے اور اپنے علاقے کے نوجوانوں اور عوام کو بھی ان پروگراموں میں شرکت کی دعوت دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رفیق تنولی ہمہ وقت متحرک رہنے والے کارکن تھے‘ اپنے علاقے کی عوامی شخصیت اور ہر ایک کے کام آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رفیق تنولی کی شہادت سے جماعت اسلامی اپنے ایک انتہائی ذمے دار فرد سے محروم ہوگئی ہے‘ اللہ تعالیٰ ان کی شہادت کو قبول اورانہیں شہدائے کشمیر میں شامل فرمائے اور ان کے پورے خاندان کو صبر و استقامت دے۔