اطہر ہاشمی کی صحافتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی‘ نعیم الرحمن

513

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر جماعت اسلامی و انچارج میڈیا سیل ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری نے سینئر صحافی روزنامہ جسارت کے ایڈیٹرانچیف اطہر علی ہاشمی کی نمازہ جنازہ میں شرکت کی اور ان کے بیٹوں حماد ہاشمی، فواد ہاشمی اور بھائی مولانا راحت علی ہاشمی سے ملاقات و تعزیت کی اور مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی، لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم صحافت کی دنیا کا ایک معتبر نام تھے‘ وہ صرف ایک فرد نہیں بلکہ اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے‘ انہوں نے برسوں صحافیوں کی تربیت اور رہنمائی کی‘ اطہر علی ہاشمی نے صحافت کو درپیش چیلنجز کے باوجود اپنی پوری زندگی اللہ اور اس کے رسولؐ، اس کے دین سے وفاداری نبھائی‘ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلامشکل سے پورا ہوسکے گا اور ان کی صحافتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔