کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بیٹے نے ماں کو جنگل میں پھینک دیا

545

اورنگ آباد (بھارت): کوروناوائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے پر بیٹے نے اپنی 90 سال کی بوڑھی ماں کو جنگل میں پھینک دیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اورنگ آباد کے رہائشی ایک فرد نے اپنی 90 سالہ بوڑھی ماں کا کوروناوائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جو کہ پازیٹو آیا جس کی وجہ سے گھر کے اراکین ان کو اپنے ساتھ رکھنے کیلئے تیار نہیں تھے۔

نتیجہ آنے پر بیٹے نے بیمار ماں کو اورنگ آباد کے کچی گھاٹی علاقہ کے جنگل میں پھینک دیا اور فرار ہوگیا۔ اس جرم میں بیٹے کے ساتھ ساتھ دیگر اہلخانہ بھی شامل تھے۔

جائے وقوعہ سے جب مقامی لوگوں کا گزر ہوا تو بوڑھی خاتون کو ایک چادر میں لپٹا ہوا پایا۔ جس کے بعد لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور خاتون کو اسپتال میں داخل کیا گیا۔

متاثرہ خاتون سے پوچھ گچھ میں پتہ چلا کہ کورونا کی خبر اہل خانہ کو ہوگئی تھی اور اس کے بعد اہل خانہ نے انہیں جنگل میں پھینک دیا اور وہاں سے فرار ہوگئے۔