بھارتی وزارت دفاع، ویب سائٹ سے چینی فوج کی دراندازی کی تفصیلات غائب

341

نئی دہلی: بھارت کی وزارت دفاع کی سرکاری ویب سائٹ سے چینی افواج کی دراندازی کی تفصیلات ہٹانے پر بھارتی کانگریس پارٹی نے مودی سرکار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق کانگریس نے وزارت دفاع کی ویب سائٹ سے چینی فوج کی دراندازی سے متعلق تفصیلات ہٹانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے وزیراعظم نریندر مودی کو بچانے اور حقیقت چھپانے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔

کانگریس ترجمان اجے ماکن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت دفاع کی ویب سائٹ پر چینی فوج کی دراندازی کی تفصیلات اہم تفصیلات ہیں لیکن بدقسمتی سے حکومت نے اسے ہٹا دیا ہے۔

حکومت کو سچائی ظاہر کرتے ہوئے یہ بتانا چاہیے کہ وزارت دفاع کی تفصیل صحیح ہے یا وزیراعظم نے میٹنگ میں جو کہا تھا کہ نہ تو کوئی ہماری سرحد میں گھسا ہے، نہ ہی کوئی گھسا ہوا ہے،  وہ صحیح ہے۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ویب سائٹ سے چینی درندازی سے متعلق دستاویز ہٹانے سے سچائی کو چھپایا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کے چین کے سامنے کھڑا ہونے کی بات تو چھوڑیے اس کا نام لینے کی بھی ان میں ہمت نہیں ہے۔