گراؤنڈ اسٹاف کو بونس دینے کا اعلان

411

کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے دوران گراؤنڈ اسٹاف کی محنت کو سراہتے ہوئے، ان کے لیے مالی انعام کا اعلان کردیا ۔

پی سی بی نے لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے اسٹیڈیمز کے گراؤنڈ اسٹاف میں شامل 63 افرادپر مشتمل عملے کو احسن انداز میں ذمہ داریاں نبھانے پر بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان 63 افراد کو ماہ اگست میں ان کی تنخواہ کا 50 فیصد اضافی حصہ انہیں بطور بونس دیا جائے گا جبکہ ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے گراؤنڈ اسٹاف کے عملے میں شامل 5 افرادکے لیے 10 ہزار روپےبطور انعام دیاجائے گا۔

رواں سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرواکے تاریخ رقم کی تھی تاہم کوویڈ 19 کی وبا کے سبب ایونٹ کے پلے آف میچز اور فائنل ملتوی کرنے پڑے تھے۔

گراؤنڈ اسٹاف کے ان 68 رکنی عملے کی انتھک محنت کی بدولت شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل کے دوران اعلیٰ معیار کے کرکٹ مقابلے دیکھنے کوملے۔ گراؤنڈ اسٹاف کی جانب سےمعیاری پچز اور آؤٹ فیلڈ کی شاندار تیاری کے سبب ملک کے چاروں سنٹرز پر شائقین کرکٹ کی حاضری مجموعی طور پر 87 فیصد رہی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ اگرچہ کرکٹ میچز کو خوشگوار انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں گراؤنڈ اسٹاف کا کردار انتہائی اہم ہے مگر پھر بھی یہ  ایسی ملازمت ہے جس کی ستائش نہیں کی جاتی، لہٰذا یہ بہت ضروری ہے کہ ان کے کام کو سراہاجائے اور انہیں اس کا انعام بھی دیاجائے۔