حکومت کا ملک میں بڑھتی آبادی کے پیشِ نظر آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

282

اسلام آباد: ملک میں بڑھتی آبادی کے پیشِ نظر حکومت نے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا جب کہ اس کے لیے وزارت مذہبہ اُمور، بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرِ صدارت فیڈرل ٹاسک فورس برائے آبادی کا تیسرا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آبادی میں اضافے کو روکنے کی حکمت عملی کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت کو اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ صوبے بڑھتی آبادی کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔ اجلاس میں لوگوں کو بڑھتی آبادی کے اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے میڈیا اور علما کرام کا تعاون حاصل کرنے پر اتفاق ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے خاندانی منصوبہ بندی مہم چلائی جائے گی۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ وزارت مذہبہ اُمور، بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلامی نظریاتی کونسل ایک ماہ میں اجلاس بلائے گی۔

صدر مملکت کی زیرِ صدارت اجلاس میں خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق پروگراموں کے لیے فنڈز بڑھانے کی بھی سفارش کی گئی۔

جس پر صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان سے بڑھتی آبادی کی روک تھام کے لیے فنڈز بڑھانے کی درخواست کروں گا۔

عارف علوی نے کہا کہ ماں اور بچوں کی صحت کی دیکھ بال سے متعلق مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کریں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ٹاسک فورس کے فیصلوں کو فاسٹ ٹریک کی بیناد نافذ کریں۔