مریم نواز کو نیب میں طلبی کا نوٹس موصول نہیں ہوا: مسلم لیگ (ن)

202

لاہور: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے مریم نواز کو قومی احتساب بیورو میں طلبی کا نوٹس موصول ہونے کی تردید کردی۔

ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو نیب کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، نیب نوٹس کے بارے میں میڈیا سے علم ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیب نے مریم نواز کو رائے ونڈ میں 200 ایکڑ اراضی منتقلی کے معاملے پر 11 اگست کو طلب کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا جب کہ نیب نے سابق ڈی سی او نور الامین منگل اور احد چیمہ سے بھی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب کے مطابق 2014 میں رائے ونڈ میں مریم نواز کے نام 200 ایکڑ اراضی منتقل کی گئی۔ 100 کنال شہباز شریف اور 100 کنال نواز شریف کے نام منتقل کی گئی۔

نیب کا کہنا ہے کہ اراضی منتقلی میں ایل ڈی اے کے قوائد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا۔ شریف خاندان کی اراضی کے اطراف تعمیرات روکنے کے لیے رقبے کو گرین لینڈ قرار دیا گیا۔