کراچی میں آج بھی بادل جم کر برسیں گے

279

محکمہ موسمیات نے آج بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی نوید سنا دی۔

ڈائریکٹر میٹ آفس سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ راجھستان پر موجود ہوا کا کم دباؤ بڑھ گیا ہے، ہوا کا کم دباؤ کراچی اور بلوچستان کے جنوب میں موجود ہے، ہوا کا کم دباؤ کی شدت تاحال برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کسی بھی وقت گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوسکتی ہے، شہر میں آج 80 سے 130 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

سردار سرفراز کا کے مطابق بارش سے قبل شہر میں آندھی چلنے کا بھی امکان ہے جب کہ کل ہفتے کے روز بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز کی تیز بارش کے دوران مختلف واقعات میں 3 شہری جاں بحق ہوئے، گلستان جوہر اور لیاری میں کرنٹ لگنے سے دو افراد جب کہ ماڑی پور کے قریب لیاری ندی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہوا۔