کمشنر کراچی کا اشتہاری بورڈز فوری ہٹانے کا حکم

557

کراچی : کمشنر کراچی نے شہر میں بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث اشتہاری بورڈز فوری ہٹانے کا حکم جاری کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمشنر کراچی افتخار زشلوانی کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر بل بورڈز انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں،جگہ جگہ لگے بل بورڈ ز سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بل بورڈز ہٹانے کے لیے کارروائی کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے، کمشنر کراچی نے شہر بھر سے بل بورڈز ہٹانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو ہدایات جاری کردیں۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے بنارس میٹرو سینما کے قریب ندی میں 6سالہ بچہ ڈوب گیا،ندی میں ڈوبنے والے بچے کی تلاش کے لیے ریسیکوآپریشن جاری ہے۔

جبکہ ریسکیوذرائع کے مطابق کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے اور دیگر حادثات میں 8افراد جاں بحق ہوگئے، سٹی کورٹ اور سول اسپتال کے قریب کرنٹ لگنے سے 2افراد جاں بحق  ہوئے ہیں ۔