اطہر علی ہاشمی کی صحافتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔حافظ نعیم الرحمن

554

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،نائب امیر جماعت اسلامی وانچارج میڈیا سیل ڈاکٹر اسامہ رضی ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری نے سینئر صحافی روزنامہ جسارت کے ایڈیٹر اطہر علی ہاشمی کے انتقال پر ان کے بیٹوں حماد ہاشمی ، فواد ہاشمی اور بھائی مولانا راحت علی ہاشمی سے ملاقات وتعزیت کی اورمرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی ،لواحقین وپسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم صحافت کی دنیا کا ایک معتبر نام تھے، وہ صرف ایک فرد نہیں بلکہ اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے، انہوں نے برسوں صحافیوں کی تربیت اور رہنمائی کی ،اطہر علی ہاشمی نے صحافت کو درپیش چیلنجز کے باوجود اپنی پوری زندگی اللہ اور اس کے رسولﷺ، اس کے دین سے وفاداری نبھائی ،ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلامشکل سے پورا ہوسکے گا اور ان کی صحافتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔