حکومت کی نمائشی باتیں کشمیر کے سودے کا شک پختہ کررہی ہیں‘ لیاقت بلوچ

69

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں ملکی صورتحال پر مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ 22 کروڑ پاکستانیوں نے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے مجاہد عوام کے ساتھ غیر متزلزل پشتی بانی کا پھر اعلان کردیاہے ۔عمران خان سرکار نمائشی باتوں ، تقریروں ، ٹوئٹر سرگرمیوں سے باہر آئے ، متفقہ قومی کشمیر ایکشن پلان ہی مسئلہ کشمیر کے حل کا راستہ کھولے گا وگرنہ خالی دعوے وقت ضائع کرنے اور کشمیر کا سودا کرنے کے شکوک کو پختہ کردیں گے ۔ کشمیرپر بزدلی عمران خان کو مہنگی پڑے گی ۔کشمیر کی آزادی اور خطے کو مودی فاشسٹ کے ظلم سے نجات کے لیے 22 کروڑ عوام کو کلیدی کردار ادا کرناہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی میں جماعت اسلامی کے کارکنان پر دہشت گردی اور رفیق تنولی کی شہادت کا مجرم فاشسٹ مودی ہے ۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان ، بھارت اور پاکستان میں اسلام کی سربلندی اور مظلوموں کی پشتی بانی کی پاداش میں ہر محاذ پر قربانیاں دے رہی ہے ۔ پورے خطے میں جماعت اسلامی کا بیانیہ اور عمل حقیقت ہے ۔