نوازشریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کو برخاست کرنیکا نوٹیفکیشن

141

لاہور،اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک+صباح نیوز)وڈیو اسکینڈل کیس کے مرکزی ملزم سیشن جج ارشد ملک کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کو وڈیو اسکینڈل میں نوکری سے برخاست کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نوٹیفکیشن چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان اور انتظامی کمیٹی کے ججز کی منظوری کے بعد رجسٹرار بہادر علی خان نے جاری کیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملزم جوڈیشل افسر ارشد ملک وڈیو اسکینڈل میں گنہگار پایا گیا، ملزم کی ریٹائرڈ کرنے کی دائر 2 درخواستیں بھی مسترد کی جاتی ہیں، ملزم کے خلاف مس کنڈکٹ کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی کی گئی اور انکوائری آفیسر جسٹس سردار احمد نعیم نے ملزم جوڈیشل افسر کے خلاف انکوائری میں نوکری سے برخاست کرنے کی سفارش کی۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ملزم جوڈیشل افسر ارشد ملک کا انکوائری کے دوران مؤقف بھی سنا گیا اور رپورٹ انتظامی کمیٹی کو پیش کی گئی جب کہ انکوائری رپورٹ کے بعد ملزم جوڈیشل افسر کو انتظامی کمیٹی کے روبرو ذاتی شنوائی کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔