پنجاب: آٹے کی قیمت میں 5 روپے کلو اضافہ، وزیراعلیٰ برہم

142

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور سمیت پنجاب بھر میں چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں حکومتی منظوری کے بغیر 5 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا ہے۔ اس سلسلے میں آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ انہیں غلہ منڈیوں سے گندم 2400 روپے فی من مل رہی ہے اور ان نرخوں پر گندم خرید کر شہریوں کو سستے آٹے کی فراہمی ناممکن ہے، ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے غلہ منڈی میں گندم کی قیمت میں اضافہ ہوچکا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آٹے اور چینی کے نرخوں میں خود ساختہ اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور محکمہ خوراک اور انتظامیہ کو آٹا و چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے اور چینی کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، مقرر کردہ نرخوں پر آٹے اورچینی کی دستیابی میں کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو مراسلے میں ہدایت کی کہ وہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے دورے کرکے آٹے و چینی کے اسٹاک، سپلائی اور نرخوں کا جائزہ لیں اور اس ضمن میں ہفتہ وار رپورٹ وزیراعلیٰ آفس جمع کرائی جائے۔