پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس‘ 17اگست تک رپورٹ طلب

111

اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی سے پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ17 اگست تک جمع کر انے کی ہدایت کی ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاوراوردرخواست گزاراکبرایس بابراسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے۔پی ٹی آئی کی مبینہ غیرملکی فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے اسکروٹنی کمیٹی کااجلاس آج دوبارہ ہوگا ۔ اسکروٹنی کمیٹی پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کا جمعہ کو مزیدجائزہ لے گی۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے وکلا نے23 اکتوبر2019ء کو غیرملکی فنڈنگ کی تحقیقات کرنے والی اسکروٹنی کمیٹی کا بائیکاٹ کردیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ ثقلین حیدر بطور ڈپٹی اٹارنی جنرل سیاسی جماعت کا کیس لڑنے کا حق نہیں رکھتے، پارٹی فنڈنگ کیس میں ریاست اہم فریق، ریاست اور پارٹی کا وکیل ایک کیسے ہوسکتا ہے۔الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ پارٹی فنڈنگ کیس قانونی طریقہ کار کی بد ترین مثال ہے۔فیصلے کے مطابق تحریک انصاف نے اکبر ایس بابر کا نام استعمال کرکے معاملہ تاخیر کا شکار کیا۔الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ اکبر ایس بابر نے شواہد دینے ہیں، اسکروٹنی کمیٹی کو کارروائی سے کیسے باہر کیا جاسکتا ہے۔