اپوزیشن نے آنکھوں پر بغض کی پٹی باندھ رکھی ہے، مسرت چیمہ

56

لاہور (آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کرپشن میں لتھڑی ہوئی اپوزیشن نے اپنی آنکھوں پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے بغض کی پٹی باندھ رکھی ہے اس لیے انہیں کچھ دکھائی نہیں دیتا، انہیں ہر اچھا کام بھی برا نظر آتا ہے اور اس میں کیڑے نکالے جاتے ہیں، جب یہ اپنی آنکھوں سے بغض کی پٹی اتاریں گے تو حقائق ان پر واضح ہو جائیں گے۔ میڈیا کیلیے جاری اپنے وڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں کھانچے مارے جس سے ملکی معیشت کی بنیادیں تک ہل گئیں لیکن اس کے باوجود ان کی ہوس ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی، جس نے بھی کرپشن کی ہے وہ احتساب کے شکنجے میں آئے گااور آج مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کا دور نہیں کہ مک مکا کر کے کوئی درمیانی راستہ نکال لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں متعدد بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا جائے گا جو حقیقی معنوں میں عوام اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔