احمد آباد میں کورونا وارڈ جل کر خاکستر ،8 مریض ہلاک

203
احمد آباد: آتش زدگی میں ہلاک اور زخمی ہونے والے مریضوں کو پولیس کی نگرانی میں منتقل کیا جا رہا ہے‘ لواحقین غم سے نڈھال ہیں‘ وارڈ جل کر خاکستر ہوگیا ہے

احمد آباد (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں کورورنا مریضوں کے لیے بنائے گئے انتہائی نگہداشت وارڈ میں آتش زدگی سے 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا، جس سے ایک ملازم کے کپڑوں کو آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے وارڈ جل کر خاکستر ہوگیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملازم نے خوف کے مارے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں بھاگنا شروع کردیا تھا،جس سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے اسپتال کے ڈائریکٹر کو حراست میں لے لیا اور پوچھ گچھ شروع کردی۔ مقامی میڈیا کے مطابق واقعہ رات گئے پیش آیا۔ فائر بریگیڈ نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی شروع کردی اور ایک گھنٹے کے اندر آگ پر قابو پا لیا۔ اس دوران امدادی اہل کاروں نے اسپتال کے 40 مریضوں کو دوسرے اسپتال میں منتقل کیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق امدادی کاموں میں شریک اہل کاروں کو ممکنہ طور پر کئی روز تک قرنطینہ میں رہنا پڑ سکتا ہے،کیوں حادثہ کورونا مریضوں کے نگہداشت وارڈ میں پیش آیا تھا اور وہاں سے وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے۔ دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے آگ لگنے کے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔