فیس بک ٹوئٹر نے ٹرمپ کا جھوٹا دعویٰ حذف کردیا

182

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک اور ٹوئٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کورونا سے متعلق جھوٹے دعوے پر مبنی وڈیو کلپ حذف کر دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق وڈیو کلپ میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ بچے کورونا کے خلاف قوت مدافعت رکھتے ہیں، جب کہ دیکھا جائے تو کورونا وائرس سے بچوں کی ہلاکتیں بھی سامنے آچکی ہیں۔ اس لییفیس بک اور ٹوئٹر نے زمینی حقائق کے منافی سمجھتے ہوئے صدر ٹرمپ کی شیئر کردہ وڈیو ڈیلیٹ کی۔ فیس بک نے ڈونلڈ ٹرمپ کی وڈیو ڈیلیٹ کرنے کے ساتھ یہ بھی لکھا کہ کسی صدرکی پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس بریفنگ میں اپنی وڈیو کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بہت زیادہ بیمار ہونے سے مدافعت سے متعلق بات کی تھی، مطلب یہ تھا کہ بچے بیماری سے جلد صحتیاب ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر بچوں سمیت تمام عمر کے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیتے ہیں۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے بھی کورونا سے متعلق غلط معلومات پر ٹرمپ کی مہم عارضی طور پر روک دی ہے۔ اس وڈیو میں کورونا وائرس سے متعلق یہ کلپ صدر ٹرمپ کے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو سے لیا گیا ٹکڑا تھا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹس کے مطابق غلط معلومات کی ترسیل عوام کی صحت کو خطرات کا شکار بنا سکتی ہے اور اس وڈیو کے خلاف کارروائی کی وجہ کمیونٹی ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی عارضی طور پر بند کیا گیا تھا، کیوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے کورونا وائرس کے علاج میں مددگار ثابت ہونے والی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئین کے بارے میں وڈیو شیئر کی تھی۔ ٹوئٹر کی جانب سے کہنا تھا کہ وڈیو سے ٹوئٹر کی کورونا سے متعلق غلط معلومات کی پالیسی کی خلاف ورزی ہوئی، جس کی وجہ سے انتظامیہ نے اکاؤنٹ عارضی طور پر معطل کیا ہے۔ یہی نہیں ماضی میں خود صدر ٹرمپ بھی اس ضمن میں بہت سے مضحکہ خیر بیانات داغ چکے ہیں، جس پر انہیں عوامی اور سیاسی حلقوں میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔