فرانسیسی صدر کا دورۂ بیروت‘ کئی ممالک کی جانب سے امداد

564
بیروت: امدادی کارکن لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں‘ فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں جائے حادثہ کا دورہ اور لبنانی شہریوں سے ملاقات کررہے ہیں

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنانی دارالحکومت کی بندر گاہ پر ہونے والے دھماکوں کے بعد فرانسیسی صدر نے گزشتہ روز بیروت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق عمانویل ماکروں کے دورے کے موقع پر لبنانی شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی اور انہوں نے حکومت کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ فرانسیسی صدر نے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آپ کے چہروں پر جذبات اور افسردگی کو دیکھ سکتا ہوں۔ واضح رہے کہ فرانسیسی صدر دھماکے کے بعد بیروت کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہ ہیں۔ انہوں نے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے سیاہ رنگ کی ٹائی پہن رکھی تھی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے لبنان کے لیے طبی سامان کے علاوہ دیگر ضروریات کے تحت مزید امداد بھیجنے کا وعدہ کیا۔ دوسری جانب برازیل، اردن، ترکی، الجیریا، سعودی عرب اور عالمی ادارہ صحت کے علاوہ دیگر ممالک سے لبنان کے لیے امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈنمارک اور یونان کی جانب سے امدادی کارروائیوں میں تعاون کی پیش کش کی گئی ہے جب کہ ترک ادارہ برائے ہنگامی حالات اور ہلال احمر کی جانب سے خصوصی طیارے کے ذریعے انسانی امداد اور طبی ساز و سامان بیروت پہنچایا گیا۔ اُدھر سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے لبنان یک لیے ہنگامی طور پر امداد بھیجنے کی ہدایت کردی ہے۔