اسرائیل کی فلسطینیوں کے مزید مکان مسمار کرنے کی دھمکی

271
مقبوضہ بیت المقدس: نواحی قصبے بیت حنینا میں صہیونی ریاست کے ہاتھوں مسمار کیے گئے مکان کے رہایشی افسردہ ہیں

مقبوضـہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس اور رام اللہ میں فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی مہم تیز کردی گئی ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض انتظامیہ نے مزید فلسطینیوں کو اپنے گھر مسمار کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں جب کہ عمل نہ کرنے کی صورت میں بھاری مشینری کے ذریعے مکانات گرانے کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس کی حفاظت میں بلدیہ کے عملے نے جبل مکبر ضلع میں صالح نامی بستی پر اچانک ہلہ بولا اور وہاں ایک شہری کو اپنا گھر گرانے کا حکم نامہ تھما دیا۔ دوسری جانب مغربی کنارے کے قصبہ نیلن میں بھی شہریوں کو زرعی اراضی پر کام روکنے کے احکامات جاری کرنے کے علاوہ 4 مکانات گرانے کا حکم دیا۔ دریں اثنا قابض فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کئی شہری گرفتار کرلیے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق اہل کاروں نے مختلف راستے بند کرکے فوجی چوکیاں قائم کیں، گزرنے والوں کی تلاشی لی جب کہ گھروں سے فلسطینیوں کو گرفتار کرکے لے گئے۔