تاجروں کا 10 اگست سے کاروبار مکمل طورپر کھولنے کا مطالبہ

343

کراچی(اسٹاف ر پورٹر)کراچی کے تاجروں نے10 اگست سے کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر کھولنے کا مطالبہ کردیا‘ حکومت 15 اگست سے اسکول اور 20اگست سے شادی ہال پر بھی پابندی ختم کرنے کا اعلان کرے۔کراچی سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے فروری سے لاک ڈائون کا اعلان کردیا تھا جسے 6 ماہ تک عرصہ ہوچکا ہے‘ کاروباری سرگرمیوں کی بندش سے کراچی سمیت ملک بھر کے لوگوں کوشدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ابھی تک کئی قسم کے کاروبار شروع نہیں ہوسکے ہیں جس سے لاکھوں لوگ ابھی تک متاثر ہیں جس کی وجہ سے تمام کاروبار مندی کا شکار ہیں۔ شیخ حبیب نے کہا کہ اس وقت ملک بھر سمیت سندھ اور کراچی میں کورونا وائرس کی وبا میں واضح کمی ہوئی ہے اورنہ صرف متاثرہ لوگوں میں کمی ہوئی ہے بلکہ اموات کی شرح بھی کم ہو چکی ہے ،اس حوالے سے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جس طرح کام کیا ہے وہ واقعی قابل تعریف ہے اور کراچی اور سندھ کی تاجر برادری ان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ شیخ حبیب نے مزید کہا کہ جس طرح حکومت پنجاب کی جانب سے کاروباری سرگرمیوں کو ایس او پیز کے تحت مکمل طور کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے اسی طرح سندھ حکومت بھی کاروباری سرگرمیوں کو کھولنے کا اعلان کرے اور 10اگست سے کاروباری سرگرمیوںکو مخصوص اوقات کے بجائے مکمل طور پرکھولی جائیں اور 15 اگست سے اسکول اور 20 اگست سے شادی ہال اورکیٹرینگ کے کاروبار کو کھولنے کا اعلان کیا جائے۔