سرچ آپریشن اور پولیس کارروائیوں میں 80 ملزمان گرفتار

213

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) ساؤتھ انوسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فیروزآباد میں نجی ریسٹورنٹ میں ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ پکڑلیا،گرفتار ملزم ضیاء الرحمان نے ساتھیوں سمیت ریسٹورنٹ سے 55 لاکھ روپے لوٹے تھے، گرفتار ملزم سے لوٹے ہوئے دو لاکھ روپے بھی برآمد ہوئے۔ ایس پی انوسٹی گیشن بشیر بروہی نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش ملزم رضا اور عزیز کے ہمراہ واردات کا انکشاف کیا ہے ،ملزم کے دونوں ساتھی افغانستان فرار ہوچکے ہیں۔ ملیر کینٹ پولیس نے موٹرسائیکل چوری کر کے پرزے فروخت کرنے وا لے ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا۔ ایک دوسری کارروائی میں گڈاپ پولیس نے خفیہ اطلاع پر منشیات فروش عمیر کو گرفتار کر کے اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر لی ، ملزم گڈاپ اور اطراف کے علاقوں میں منشیات فروشی میں ملوث ہے۔ ادھر سکھن سے شہر میں منشیات کی سپلائی میں ملوث گروہ کے4 کارندوںرند علی عرف میو، حیدر، علی رضا، فیضان،کو گرفتارکرکے منشیات برآمد کی ۔ایک اور کارروائی میں سکھن پولیس نے مضر صحت گھی بنا کر فروخت کرنے والے2 ملزمان بابر اور شکیل کو گرفتار کرلیا ۔ ڈیفنس پولیس نے رہزنی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتارکر کے اسلحہ، لوٹی گئی رقم اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ پولیس نے موٹرسائیکل لفٹر، 2 منشیات فروش، 2گٹکاماوا فروشوںودیگر کو گرفتار کرلیا۔علاوہ ازیں24گھنٹوںمیں ایسٹ زون پولیس نے 55ملزم گرفتارکرلیے۔