پہلی سے بارہویں جماعت کی کتب بریل میں منتقل کرنے کا معاہدہ

374

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہمارے ملک میں نابینا بچوں کے لیے اسکول اور اساتذہ تو موجود ہیں مگر نصابی کتب بریل طرزِ تحریر میں موجود نہیں۔ جس کے باعث انہیں اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہی وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ بحالی خصوصی افراد حکومت سندھ اور بلائنڈ ریسورس فاؤنڈیشن پاکستان نے مشترکہ طور پر ایک سال کے عرصے میں پہلی سے بارہویں جماعت تک کی کتب کو بریل میں منتقل کرنے کا معاہدے کیا، جس پر محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ کے دفتر میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ بحالی خصوصی افراد جلال الدین مہر اور صدر بلائنڈ ریسورس فاونڈیشن پاکستان وقار یونس نے دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت بلائنڈ ریسورس فاونڈیشن پاکستان رضاکارانہ طور پر پہلی سے بارہویں جماعت کی کتب کو بریل میں منتقل کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے اس معاہدے کو تاریخ ساز عمل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نصابی کتب کی بریل پر منتقلی سے بصارت سے محروم طلبہ کو تعلیم کے حصول میں بہت مدد ملے گی۔