کابل میں بھارت کا سازشی کردار پاک افغان تعلقات کے لیے نقصان دہ ہے‘ سراج الحق

360
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے افغان سفیر شکر اللہ عاطف مشعل ملاقات کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان میں افغان سفیر شکراللہ عاطف مشعل نے پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی جس میں افغانستان اور خطے کی موجودہ صورتحال خاص طور پر افغانستان اور کشمیر کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم ایک پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتے ہیں اور بین الافغان مذاکرات کو سپورٹ کرتے ہیں ۔اب وقت آگیا ہے کہ افغانستان کی تمام جماعتیں اور قیادت ایک میز پر بیٹھ جائیں اور باہمی اختلافات کو بات چیت سے حل کریں ۔انہوں نے کہا کہ ایشیا میں امن کے لیے افغانستان میں امن انتہائی ضروری ہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی پرامن افغانستان کی ضرورت ہے ۔ کابل میں بھارت کا سازشی کرداردونوں برادر اسلامی ممالک کے لیے نقصان دہ ہے ۔ امریکا کا افغانستان سے جانا طے ہوگیا ہے۔ یہ اس صدی کا بہت بڑا واقعہ ہوگا۔خطے سے امریکی افواج کا انخلا افغان عوام کی بہت بڑی فتح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے دلیر اور جرأت مند عوام نے کبھی بیرونی جارحیت قبول نہیں کی،افغانستان پر حملہ آور ہونے والوں کو ہمیشہ نشان عبرت بننا پڑا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ افغانستان بھارت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی عوام اور جماعت اسلامی نے ہمیشہ افغان عوام کے دکھ دردکو اپنا دکھ درد سمجھتے ہوئے اس میں شرکت کی ہے ۔پاکستانی قوم نے بھی افغان مہاجرین کو اپنے دلوں اور ملک میں جگہ دی اور ان کو عزت و احترام اور وقار کے ساتھ اپنے پاس ٹھیرایا۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور افغان عوام کے برادرانہ تعلقات میں مزید نکھار پیدا ہو اور افغانستان اور پاکستان کے نوجوانوں ،طلبہ ،اساتذہ ،ڈاکٹرز ، انجینئرز اور مختلف شعبوں کے لوگوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔اسی طرح پاکستانی اور افغان خواتین کے درمیان گھریلو دستکاریوں سمیت مختلف نوعیت کے امور میں باہمی تعلقات کو فروغ ملنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور افغان عوام اسلام کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں دونوں کا ماضی حال اور مستقبل ایک ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ افغانستان میں بہت خون بہاہے ۔اب افغانستان کو ایک پرامن ملک کے طور پر آگے بڑھنا اور دنیا میں اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس سے خطے میں بڑاجانی نقصان ہوا ہے ۔دونوں ملکوں کو پڑوسی ہونے کے ناطے ایک دوسرے کو اس وبا سے بچانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنا چاہیے۔ افغان سفیر شکراللہ عاطف مشعل نے کراچی میں جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید رفیق تنولی کے لیے بلندیٔ درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔