کشمیر ریلی حملے میں زخمی جماعت اسلامی کے رہنما رفیق تنولی شہید ‘ نماز جنازہ حافظ نعیم نے پڑھائیی

811
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کشمیر ریلی دھماکے سے شہید ہونے والے رفیق تنولی کی نماز جنازہ کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں‘چھوٹی تصویر میں نماز جنازہ پڑھا رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گزشتہ روز جماعت اسلامی کراچی کی ریلی میں بم دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے جماعت اسلامی علاقہ قائد آباد (ضلع ملیر )کے ناظم علاقہ رفیق تنولی شہید ہوگئے ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے نیو ایم اے جناح روڈ پر نماز جنازہ کی امامت کی ۔ شہید کا جسد خاکی تدفین کے لیے آبائی علاقے مانسہرہ روانہ کر دیا گیا ، نمازجنازہ میںشدید بارش کے باوجود عوام کی بڑی تعدادنے شرکت کی ،اس موقع پر جماعت اسلامی کے کارکنان نے پر جوش نعرے لگائے ۔ 55سالہ رفیق تنولی شہید علاقہ قائد آباد کے ناظم تھے ،شہیدکے پسماندگان میں3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جنازے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے اگلے لائحہ عمل کا اعلان امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کریں گے،شہید رفیق تنولی کا لہورائیگاں نہیں جائے گا ، ریلی پر حملہ بزدلانہ فعل ہے ، مقامی ایجنٹس کی سرپرستی کے بغیر بھارتی خفیہ ایجنسی راحملہ نہیں کرسکتی تھی ،یہ بھارتی دہشت گردی کی ایک اور بدترین مثال ہے،، حکومت قاتلوں کے پورے نیٹ ورک کو قوم کے سامنے لائے ، حکومت اور انتظامیہ ملزمان کو قوم کے سامنے بے نقاب کرے ، ملزمان کا تعلق کس دہشت گرد تنظیم سے ہے؟ اور دیگر تفصیلات سامنے لائی جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے گزشتہ روز ریلی میں ہونے والے بم دھماکے کے باوجود کارکنان ثابت قدم رہے اور شدید بارش کے باوجود نماز جنازہ میںعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، جماعت اسلامی نے ہمیشہ کشمیر کے لیے آواز بلند کی ہے ،اسی لیے جماعت اسلامی کو نشانہ بنایا گیا ، لیکن دشمن سن لے جماعت اسلامی ایسے بزدلانہ حملے سے خوف زدہ ہونے والی نہیں ہے ، گزشتہ روز ہونے والی ریلی میں ہمارے 35 سے زاید کارکنان زخمی ہوئے تھے ، جس میں سے ایک کارکن عبدالاحد کی حالت انتہائی نازک ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران خواہ کتنا ہی معذرت خواہانہ رویہ اختیار کریں ، عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا ۔ امیر ضلع ملیر محمد اسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہادت کا سفر ہے ، ہمارے ساتھی نے اپنے خون کی سرخی سے مظلوم مسلمانان کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خون رائیگاں نہیں جائے گا اور اس خون کی سرخی پاکستان میں اسلام کے غلبے کا ذریعہ بنے گی۔ امیر ضلع جنوبی اوررکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا کہ گزشتہ روز دہشت گردی کے پیچھے بہت بڑی سازش ہے ، کشمیر کی آزادی کے لیے مسلسل جدوجہد روکنے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے ۔ اس موقع پر نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو،نائب امرا کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،ڈاکٹر واسع شاکر ،راجا عارف سلطان،مسلم پرویز ،برجیس احمد ،سیکرٹری کراچی عبدالوہاب ،ڈپٹی سیکرٹریزراشد قریشی ،یونس بارائی ، عبدالواحد شیخ ، عبدالرحمن فدا کے علاوہ امرا اضلاع سمیت سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی ، قاضی صدر الدین،،انجینئر صابر احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔