روزنامہ جسارت کے ایڈیٹر انچیف اطہر علی ہاشمی انتقال کر گئے

842

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) پاکستان کے مایہ ناز سینئر صحافی روزنامہ جسارت کے ایڈیٹر انچیف، معروف کالم نگار، کراچی پریس کلب کے سینئر رکن سید اطہر علی ہاشمی جمعرات 6 اگست کی صبح فجر کے وقت نیند کے دوران رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے ، ان کی عمر74 برس تھی،انہوں نے سوگواران میں بیوہ اور3 بیٹے چھوڑے ہیں۔ سید اطہر علی ہاشمی کی نماز جنازہ جمعرات کو بعد نماز ظہر مسجد شہباز بلاک 12 گلستان جوہر میں ادا کی گئی۔نمازجنازہ مرحوم کے بھائی جامعہ دارالعلوم کراچی کے ناظم امتحانات اور وفاق المدارس العربیہ کی امتحانی کمیٹی کے رکن مولاناراحت علی ہاشمی نے پڑھائی۔

جسارت کے ایڈیٹرانچیف اطہرعلی ہاشمی کاجسد خاکی آخری آرامگاہ کی جانب لے جایا جارہا ہے

تدفین سخی حسن قبرستان میں ہوئی۔ نماز جنازہ میں اہل خانہ، عزیز و اقارب، سیاسی، سماجی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، سینئر صحافیوں،اخبارات کے مدیران، کاروباری شخصیات، اور صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں اور عمائدین شہرسمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، نماز جنازہ میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،نائب امرا مسلم پر ویز، اسامہ رضی، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری، روزنامہ جسارت کے منتظم اعلیٰ محمد واسع شاکر، ایڈیٹر مظفر اعجاز ،سی او او سیدطاہر اکبر،عبد الر حمن فدا سمیت جسار ت کے کارکنان ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور ، کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور ، کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران و دیگر عہدیداران ، سینئر صحافی نصیر الدین ہاشمی، مقصود احمد یوسفی، جیو کے اظہر حسین، دنیا نیوز کے اسلم خان، اے ایچ خانزادہ، جلیس سلاسل،شبیر ابن عادل، راشد عزیز، کے یو جے برنا کے صدر حسن عباس ، جامعہ بنوری ٹائون کے طلحہ رحمانی،فاران کلب کی جانب سے جوائنٹ سیکر ٹری سلیم قریشی،آباد کے سینئر وائس چیئرمین سہیل ورند،سید اطہر علی ہاشمی کے شاگردوں کی بڑی تعداد سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔اخبارات کے مدیران، سینئر صحافیوں، کاروباری شخصیات، سیاسی، سماجی اور صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں نے سید اطہر علی ہاشمی کی صحافتی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔سید اطہر علی ہاشمی کے انتقال پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے جنرل سیکرٹری سہیل افضل خان ،کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر محمد ریا ض ساگر ،سیکرٹری محمد عارف خان اور اراکین مجلس عاملہ ، کراچی پریس کلب کے صدر امتیازخا ن فاران، سیکرٹری ارمان صابر نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ و پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ سید اطہر علی ہاشمی 44 برس سے صحافت سے وابستہ تھے وہ نہ صرف اردو کے استاد تھے بلکہ ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو صحافت کرنا سکھائی ہے۔ان کا شماراردو نیوز جدہ کے بانیوں میں ہوتا تھا، اطہر علی ہاشمی کو زبان و بیان پر گہری گرفت حاصل تھی۔ان کا مشہور کالم ’خبر لیجیے زباں بگڑی‘ اردو دانی کے لحاظ سے سند کی حیثیت رکھتا ہے جس میں وہ اردو زبان کی بول چال میں رائج غلطیوں کی نشاندہی اور ان کی تصحیح کرتے تھے۔ مرحوم کا یہ کالم مختلف اخبارات کی ویب سائٹ اور ٹی وی پر عرصے سے شائع ہورہا ہے۔احباب تعزیت کے لیے ان کے مکان پر بیٹوں سے ملاقات اور دعا کے لیے جمع ہوں گے۔