حکومت کا کاروبار زندگی مکمل بحال کرنیکا اعلان

593

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وفاقی حکومت نے کاروبارزندگی مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کردیا۔کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمرنے بتایا کہ ملک بھر میں سیاحتی مقامات کو آج سے کھول دیا جائے گا، سیاحتی مقامات پر ہوٹلز کو کل8 اگست کو کھول دیاجائے گا،ایس او پیز کے تحت عوامی مقامات، ریسٹورنٹ ،کیفیز، تھیٹرز اور سینما ہالز ،مزارات، بزنس سینٹر، ایکسپو سینٹرز کوبھی 10 اگست سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شادی ہالز، بیوٹی پالرز اور تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جا سکیں گے تاہم تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہو گا۔ اسد عمر نے بتایا کہ تماشائیوں کے بغیر کھیل کی اجازت ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کھڑے ہوکر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اسدعمر نے کہا کہ مزارات میں بڑے اجتماعات میں ایس او پیز کا خیال رکھناہوگا اور انتظامیہ سے اجازت لینی ہوگی، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی بھی اجازت دی جارہی ہے، ٹرین اور جہاز میں مسافروں سے متعلق پابندیاں ستمبر تک جاری رہیں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یکم اکتوبر سے جہاز میں مسافر نارمل انداز میں سفرکرسکیں گے، عوام کے تعاون سے صورتحال قابو میں آئی، عوام کے رویوں میں تبدیلی نظر آئی تو یہی صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے متعلق علمائے کرام کے ساتھ ایس او پیز بنائی جاچکی ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ جو سیکٹرز بھی کھولے جا رہے ہیں وہ مکمل ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے، دکانیں کھولنے کے اوقات کار کو بھی معمول کے مطابق لانے کا فیصلہ کیا جا رہا تھا۔