رفیق تنولی نے خون کا نذرانہ دیکراہل کشمیر سے عملی یکجہتی کا اظہا رکیا، سراج الحق

364

کراچی / لاہور (اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ روز کریکر دھماکے میں زخمی ہونے والے جماعت اسلامی کورنگی کے کارکن رفیق تنولی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ رفیق تنولی کی شہادت کشمیریوں سے خون کے نذرانے کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار ہے ۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعاکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کراچی میں جماعت اسلامی کے کارکن طویل مدت سے دلیری ، جرأت و پامردی سے میدان میں کھڑے ہیں اور جام شہادت نوش کر رہے ہیں ۔ دریں اثنا جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کراچی میں جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی پر کریکر حملے کے نتیجے میں درجنوں افراد کے زخمی اور ناظم علاقہ قائد آباد رفیق تنولی کی شہادت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ریلی پر حملہ ملک دشمن عناصر اور بھارتی ایجنٹوں کی کارستانی ہے ، کراچی میں ریلی پر حملے کے ذریعے ہمیں کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت اور ان کے حق میں بولنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، شہادتیں اور قربانیاں ہماری روایت بن چکی ہے۔صوبائی امیر نے شہید رفیق تنولی کی شہادت پر ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور شہید کے لیے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔