شہباز شریف آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے آج خطاب کرینگے

366

اسلام آباد/ مظفرآباد (صباح نیوز/ اے پی پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کی دعوت پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، وزیراعظم آزادکشمیر کے ترجمان راجا وسیم کے مطابق قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس اسپیکر شاہ غلام قادر کی صدارت میں آج بعد نماز جمعہ ہوگا۔ اپوزیشن نے شہباز شریف کے خطاب کو غیرآئینی اور غیرروایتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد حکومت نے پارٹی رہنمائوں کو بلانے کا دروازہ کھول دیا ہے جو غلط روایت ہے۔ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سربراہ اور اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار حسن ابراہیم نے احتجاجاً اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر پاکستان تحریک انصاف عبدالماجدخان نے کہا کہ آئین میں اگرچہ ممنوع نہیں ہے مگر اسمبلی کی کوئی روایات ہوتی ہیں، صرف صدر یا وزیراعظم پاکستان ہی بطور چیئرمین کشمیر کونسل آزاد کشمیر اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرسکتے ہیں۔ صدر پیپلزپارٹی چودھری لطیف اکبر نے کہا کہ شہباز شریف کو آزادکشمیر اسمبلی سے خطاب کی دعوت دینا سمجھ سے بالاتر ہے، ماضی میں اس کی کوئی روایت نہیں ہے۔ دریں اثناء وزیرقانون سردار فاروق طاہر نے ’’صباح نیوز‘‘ کے رابطہ کرنے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو اس وقت یوم استحصال کے حوالے سے تدبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے، آئین میں صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے خطاب کی بھی کوئی گنجائش نہیں مگر اسمبلی کے رولز آف بزنس کے مطابق اسپیکر کو یہ اختیار ہے کہ وہ پاکستان کی کسی بھی شخصیت کو قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرنے کی دعوت دے سکتے ہیں۔ شہباز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر مظفرآباد پہنچیں گے، ان کے ساتھ مریم اورنگزیب اور احسن اقبال سمیت دیگر سینئرمسلم لیگی قیاد ت کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی ،جمعیت علمائے اسلام اور دیگرپارلیمانی اپوزیشن جماعتوں کی سینئرقیادت بھی مظفرآباد آرہی ہے۔