کل جماعتی حریت کانفرنس کا اظہار یکجہتی پر حکومت اور عوام سے اظہار تشکر

219

سری نگر(اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں وکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے یوم استحصال کے موقع پر مقبوضہ علاقے کے مظلوم عوام سے مثالی یکجہتی کا اظہار کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو گزشتہ سال 5اگست سے بھارت کی طرف سے نافذ بدترین محاصرے کا سامنا ہے اور پاکستان نے عالمی سطح پر انہیں درپیش مشکلات کوموثر طورپر اجاگر کیا ہے۔ حریت کانفرنس نے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ 72برس سے زائد عرصے سے اپنے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیںاور امید ظاہر کی کہ وہ بالآخر ایک دن بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے۔ادھر حیات احمد بٹ اور جاوید احمد منشی سمیت 100سے زائد سیاسی نظربندوں کوسری نگر سینٹرل جیل سے وادی کشمیر سے باہر مختلف جیلوں میں منتقل کردیا گیا۔ حریت رہنماء عمر عادل ڈار نے ایک بیان میںاقوام متحدہ کے ماہرین کی طرف سے بھارتی حکومت سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالی بند کرنے کے مطالبے کا خیرمقدم کیا۔ جموںسے تعلق رکھنے والے امن کارکن آئی ڈی کھجوریہ نے جموں میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر کے فوجی محاصرے کو ایک سال مکمل ہونے پرکہاکہ فوجی محاصرے کے دوران کشمیری عوام کے تمام ذرائع مواصلات معطل کر دیے گئے تھے جس سے مقبوضہ علاقے میںسیاست ، تجارت اور سیاحت بھی بری طرح متاثرہوئی ہے۔