اقوام متحدہ: کشمیر پر بحث ثبوت ہے یہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں

370

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل میں کشمیر پر بحث ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سلامتی کونسل میں کشمیر پر بحث ثبوت ہے یہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے 14 ممبران نے کشمیر بحث میں حصہ لیا  اور اپنے خیالات کا اظہار کیا، سلامتی کونسل اجلاس میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات ہوئی جبکہ مسئلہ کشمیر ایک سال میں3 بار سلامتی کونسل میں زیر بحث آنا بڑی کامیابی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری پابند سلاسل ہیں اورغیر قانونی بھارتی اقدام کو پوری دنیا نے مسترد کیا تاہم بھارت نے دو طرفہ مذاکرات کے بجائے یکطرفہ اقدامات کیے لیکن پاکستان کشمیریوں کی ترجمانی کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 5 اگست کو بھارت نے آرٹیکل 370 کو ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی اور الگ حیثیت کو ختم کرکے مقبوضہ وادی کو بھارت کاغیر قانونی طور پر حصہ بنالیا تھا۔