پاکستان نے سعودی عرب کو ایک ارب ڈالر واپس کردیے

990

پاکستان نے ڈیڑھ سال قبل سعودی عرب سے لیے گئے قرض میں سے ایک ارب ڈالر واپس کر دیے۔

اخباری رپورٹ کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب سے لیےگئے 3ارب ڈالر قرض کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا۔پہلے مرحلے میں ایک ارب ڈالر واپس کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ  سعودیہ کی جانب سے مالی امداد محدود کیے جانے کے فیصلے کے منفی اثرات زائل کرنے کے لیے پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے آگے بڑھتے ہوئے ایک ارب ڈالر قرضہ فراہم کردیا ہے۔

دوسری جانب سرکاری سطح پر قرض کی واپسی کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا نہ ہی حکومت نے اس امر کی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2018 میں سعودی عرب نے پاکستان کو 3سال کے لیے 6.2 ارب ڈالر کا مالیاتی پیکیج دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس پیکیج میں 3 ارب ڈالر نقد اور 3.2 ارب ڈالر مالیت کی موخر ادائیگی پر تیل اور گیس کی سہولت شامل تھی۔