کراچی بارش: نالے اوورفلو، پانی گھروں میں داخل،بجلی کانظام درہم برہم

773

کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں مون سون کے چوتھے اسپل کی بارش شروع ہوتے ہی شہر بھر کے 200سے زائد بجلی کے فیڈر ز ٹرپ کرگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تیزبارش کےبعدبجلی کانظام درہم برہم ہوگیا ، شہربھر کے کئی علاقوں میں بارش کے بعدعوام بجلی سے محروم ہے، تانبے کی جگہ المونیم کی تاریں لگنے سے شہر قائد اندھیرے میں ڈوب گیا۔

شادمان میں نالہ فلو ہونے کی وجہ سے پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا، اسی طرح شہر قائد کے دیگر علاقہ جات میں بھی وقفے قفے سے بارش جاری ہے۔

حکومتی نااہلی کے سبب کلفٹن،  ملیر ، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، شادمان، شیریں جناح کالونی،سہراب گوٹھ، فیڈرل بی ایریا، شفیق موڑ،شارع فیصل ، بلوچ کالونی اور دیگر جگہوں پر پانی جمع ہے۔

جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق صدرمیں 28ملی میٹر،فیصل بیس کےاطراف 23ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ کے اطراف 11.8ملی میٹر،ایئرپورٹ کےاطراف 11.3ملی میٹر، ناظم آباد اورجناح ٹرمینل پر 9ملی میٹر،گلشن حدید میں 7ملی میٹر، پی اے ایف بیس مسرور پر.5ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 4.8،لانڈھی میں1.2ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب بارش کی وجہ سے موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات کا سامنا رہا، سڑکوں پر کمرجتنا پانی ہونے کے سبب موٹر سائیکلیں بند ہوگئیں، لاک ڈاؤن ہونے کے باعث بائیک ٹھیک کرنے کےلیے کوئی مکینک بھی دستیاب نہیں تھا۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ پشن گوئی کے باوجود شہری وصوبائی اور وفاق حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے، ابھی بھی کئی سڑکوں پر قربانی کے جانوروں کی باقیات موجود ہیں ، جس سے تعفن پھیل رہاہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ بارش میں مزید تباہی سے بچنے کے لیے موثر اقدامات کرتے ہوئے قربانی کے جانوروں کی باقیات سمیت کچرا فوری طور پر اٹھا کر ٹھکانے لگایا جائے تاکہ لوگوں میں بیماریاں مزید نہ پھیلیں۔