کراچی میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

459

کراچی میں کے الیکٹرک نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور لوڈ مینجمنٹ کے نام پر شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا۔

کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے کراچی کے مختلف علاقوں لیاری، بلدیہ، اورنگی، کورنگی اور لانڈھی میں صبح 6  بجے سے بجلی کی فراہمی بند ہے۔

ایف بی ایریا ، ناظم آباد ، لیاقت آباد ، نیو گولی مار ، گارڈن ، سولجر بازار، نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور بفرزون میں رات گئے سے بجلی فراہمی معطل ہے۔

متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ مستثنی علاقوں میں 3 گھنٹے اور باقی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ رات میں 3 سے 5 گھنٹے کی لوڈشیڈگ نے پریشان کردیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ پر معمول کے مطابق مرمتی کام ہورہا ہے جس کے باعث لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں عارضی لوڈمینجمنٹ کی جارہی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں بجلی کی طلب 3100 میگاواٹ تک پہنچ گئی جبکہ کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس 1400 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں تاہم نجی پاورپلانٹس سے 300 اور نیشنل گرڈ سے 700 میگا واٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔