چین مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو قریب سے دیکھ رہا ہے

352

ترجمان چینی دفتر خارجہ وانگ وینبین کا کہنا ہے کہ چین خطے میں کشمیر کی صورت حال کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چینی دفتر خارجہ کے ترجمان وانگ وینبین نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ کشمیر پر ہمارا موقف مستقل اور واضح ہے جبکہ چین خطے میں کشمیر کی صورت حال کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خطے میں کشمیر کی حیثیت میں کسی قسم کی یک طرفہ تبدیلی غیر قانونی اورغیرموثرہے جبکہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخ کا چھوڑا ہوا ایک تنازع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت پڑوسی ملک ہیں جو تبدیل نہیں ہوسکتے اسی لیے مسئلہ کشمیرمتعلقہ فریقین کے درمیان مذکرات اور پر امن طریقے سے حل ہونا چاہیے، دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارہ دونوں کے مفاد میں ہے اور عالمی برادری کا مشترکہ مفاد ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ چین امید کرتا ہے کہ پاکستان اور بھارت اپنے اختلافات کو مذکرات کے ذریعے سنجیدگی سے دیکھیں اور مشترکہ طور پر دونوں ممالک خطے کے امن استحکام اور ترقی کو فروغ دیں۔