بلوچستان کے عوام ہر فورم پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں،جام کمال

227
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کوئٹہ (آ ن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ بلوچستان کے عوام ہر فورم پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں، غاصب بھارتی فوج مظالم کے باجود جذبہ حریت کو ختم نہ کرسکی، آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا، کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کسی سے پیچھے نہیں، الفاظ کااستعمال آسان لیکن عملی جدوجہد سے ہی لوگوں کا بھروسہ مضبوط ہوتاہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے گورنربلوچستان جسٹس(ر) امان اللہ یاسین زئی ،صوبائی وزیرمیر سلیم کھوسہ ،پارلیمانی سیکرٹریز نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل ریلی میں مختلف سیاسی جماعتوں،سول سوسائٹی کے تنظیموں اوردیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور سیاسی جماعتوں کی متفقہ طورپر نیا نقشہ اس بات کی غمازی کرتاہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر ایک قدم آگے جاناچاہتاہے اور یہ بہت بڑا قدم ہے اور عملی طورپر اس کے نتائج بہتری کی صورت میں ملیں گے ،بلوچستان کی سرزمین ،لوگ اور یہاں کے قبائل کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ نیک تمناﺅں ،عملی کردار کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ جام کمال نے کہاکہ بلوچستان کے لوگوں نے پچھلے برس میں جس انداز میں کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے لوگ کسی سے پیچھے نہیں ہم اپنی محنت اور مدد کشمیریوں کے لیے آگے رہیں گے۔ یہی جذبہ ہمارے دلوں میں ہوناچاہےے اسی جذبے کے تحت ہم نے مظلوم کے لیے آواز بننا ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی سرزمین، لوگ اور یہاں کے قبائل کشمیریوں کے ساتھ نیک تمناﺅں ،عملی کردار کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔