بھارت پاکستان کیلیے مزید مشکلات پیدا کرے گا،شیخ رشید

207

اسلام آباد(اے پی پی)وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے لیے آئندہ مہینوں میں مشکلات پیدا کرے گا کیونکہ بھارت چین سے لڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہے،آج بھارت کا نام رام نگر ، ہندودت پڑ چکا ہے ،بی جے پی نے کسی مسلمان کو الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ تک نہیں دیا۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کا میڈیا ہر محاذ پر اپنی اپنی حکومتوں کے ساتھ کھڑا ہے ، مودی نے5اگست کا انتخاب اس وقت کیا جب بھارت میں کورونا وائرس کی وبا عروج پر تھی ،بھارت نے سوچی سمجھی سازش کے تحت مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کیا ،بھارت کے ہر سربراہ نے اپنے اپنے دور میں اسی طرز کا م کیا ہے چاہے ایل کے ایڈوانی ،منہوہر جوشی ، راجیو ، واجپائی کا دور سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی ایک سپر پاور کی جیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی بنتے ہوئے پاکستان کے لیے آئندہ مہینے میں مشکلات پیدا کرے گا کیونکہ بھارت چین سے لڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ شیخ رشیدنے کہا کہ بھارت چین کا شوشا کھڑا کر کے امریکا اور دوسرے ممالک سے ہتھیار لے گا اسے اندازہ نہیں کہ بھارت کے مسلمان اللہ کے پاکستان کو اپنا محافظ سمجھتے ہیں ، آج بھارت کا نام رام نگر ، ہندودت پڑ چکا ہے ،بی جے پی نے کسی مسلمان کو الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ تک نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد ہے لیکن مودی کی بی جے پی نے مسلمانوں کو الیکشن لڑنے کے لیے قابل ہی نہیں سمجھتا ،پہلے دن سے ہی مسلمانوں کے خلاف نفرت کا آغاز ہوا ہے ۔