قنبر علی خان،محکمہ آبپاشی کے کرپٹ انجنئیر اور عملے کیخلاف احتجاج

369

قنبر علی خان (نمائندہ جسارت) وارہ بیراج کے آرڈی 65 دوست علی ریگولیٹر سے نکلنے والے پنہوارو ڈسٹری میں زرعی نہری پانی کی شدید قلت پر قنبر کے مختلف دیہات کے سیکڑوں رہائشیوں نے محکمہ آبپاشی وارہ کینال کے کرپٹ انجینئر اور ان کے عملے کیخلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کرکے دیہات سے قنبر شہر تک 20 کلو میٹر تک لانگ مارچ کیا اور سخت نعرے بازی کرتے ہوئے شدید گرمی میں قنبر پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔ اس موقع پر محمد عرس کوری، نادر ٹوٹانی، ممتاز ٹوٹانی اور امیر کلہوڑو سمیت دیگر آبادگاروں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبپاشی وارہ کینال کے انجینئر اور ان کے کرپٹ عملے نے قنبر کی پنہوارو شاخ میں جان بوجھ کر زرعی پانی کی مصنوعی قلت پیدا کردی ہے جس کی وجہ سے قنبر کے غریب آبادگار ماہ اگست میں بھی زرعی پانی کی شدید قلت کیخلاف سراپا احتجاج ہیں اور ان کو پانی مہیا نہیں کیا جارہا ہے، جس سے ان کا کروڑوں روپے کا دھان کا بیج گل سٹر رہا اور ہزاروں ایکڑ پر مشتمل زرعی اراضی سوکھ اور تباہ ہوکر بنجر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی عملہ دھان کی کاشت کے سیزن میں زرعی پانی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے قنبر کی زراعت کو جان بوجھ کر تباہ کررہا ہے، جس کی وجہ سے غریب دیہاتی نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں، جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قنبر کے آبادگاروں نے باربار اپنا احتجاج ریکارڈ کرا کے وزیر اعلیٰ سندھ، چیف سیکرٹری سندھ، محکمہ انہار کے حکام اور چیف انجینئر سکھر بیراج رائٹ بینک کو قنبر کی پنہوارو شاخ میں زرعی پانی کی سخت قلت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، آبادگاروں کے مطالبات اور بھاری نقصان کے خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے فوری طور پر پانی کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمے دار نااہل اور کرپٹ آبپاشی عملے کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔