کراچی میں آج سے شدید بارش کا امکان،فوج نالوں کی صفائی میں مصروف

246

کراچی (نمائندہ جسارت)کراچی میں آج (جمعرات) سے تیز بارش متوقع ہے‘ محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر قائد میں100سے 130ملی میٹر تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے بعد محکمہ صحت سندھ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ محکمہ صحت سندھ نے دوران ایمرجنسی میڈیکل اور پیر امیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔ڈی جی صحت سندھ نے ہدایت کی ہے کہ اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی مہم جاری ہے‘ یہ صفائی وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کی گئی۔شہر بھر میں 552 چھوٹے بڑے برساتی نالے ہیں‘ جن میں سے 38 بڑے نالوں میں سے 22 کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہے‘19 نالوں کی صفائی کی ذمے داری سندھ حکومت نے لی ہے۔ گجر نالہ، کورنگی نالہ، مواچھ گوٹھ نالے پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کام کر رہی ہے‘ 3 بڑے نالوں کے21 مقامات پر چوک پوائنٹس کی صفائی جاری ہے‘ ان نالوں کی صفائی پر ایف ڈبلیو او کی 14ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ صفائی ٹیموں نے4 ہزار 364 ٹن کچرا نالوں سے نکالا ہے‘ ایف ڈبلیو او نالوں کی صفائی کا کام24 گھنٹے کی بنیاد پر کر رہی ہے۔یاد رہے کہ عید پر قربانی کے بعد آلائشوں کا بھی مسئلہ تھا‘ اس سلسلے میں عید الاضحی آپریشن کے دوران مجموعی طور پر3 روز میں51ہزار312 ٹن آلائشیں محفوظ طریقے سے مدفون کی گئیں۔ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے مطابق تمام کلیکشن پوائنٹس صاف کر کے چونے کا چھڑکاﺅ اور جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا گیا۔ قربانی کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے دفن کرنے کے لیے لینڈ فِل سائٹس جام چاکرو، گوند پاس شرافی گوٹھ اور کورنگی کراسنگ پر بنائی گئی تھیں۔ دوسری طرف ایم کیو ایم نے تنقید کی ہے کہ کراچی کو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔