بھارت کے حصے میں رسوائی کے سوا کچھ نہیں آیا، وزیر اعلیٰ سندھ

121
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر عمران اسماعیل یوم استحصال کے حوالے سے نکالی گئی ریلی کی قیادت کررہے ہیں

کراچی (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 365 دن کا دنیا کا طویل ترین کرفیو بھی کشمیریوں کو جھکا نہ سکا اور کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کی صدا اور زیادہ بلند ہوگئی ہے۔ کشمیریوں کی پکار نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے جبکہ بھارت کے حصے میں رسوائی کے سوا کچھ نہیں آیا ہے۔ آزادی کی اس جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب جبر کی طویل رات ختم ہوگی اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہبھارتی مظالم اور کرفیو کے باوجود ہمارے کشمیری بھائی اور بہنیں اپنے حق خود ارادیت پر قائم ہیں اور پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے کہ انہیں حق خودارادیت کا حق ملے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ وہ وقت دور نہیں ہے جب کشمیر بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوگا کشمیریوں نے تو فیصلہ کرلیا ہے کہ ان کاجینا مرنا پاکستان کے ساتھ اور اسی طرح ہماری زندگی اورہمارا جینا مرنا بھی کشمیریوں کے ساتھ ہے اور اس ایک معاملے پر پوری قوم یکجا ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کشمیر ی عوام کے ساتھ یکجہتی ریلی میں بھی شرکت کی اور اس موقع پر گورنر سندھ، صوبائی وزراءاور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیر اعلیٰ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل ،فردو س شمیم نقوی و دیگر کاتقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔