پنجاب میں سیاسی بھونچال! وزیراعظم نے گورنر اور وزیراعلیٰ کو طلب کرلیا

180

لاہور‘اسلام آباد(نمائندہ جسارت+آن لائن)پنجاب میں سیاسی بھونچال! وزیراعظم نے گورنر اور وزیراعلیٰ کو طلب کرلیا۔وزیراعظم عمران خان کے بلاوے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور بدھ کی دوپہر لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوئے،بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دونوں حکومتی شخصیات کو ٹیلی فون کر کے ہنگامی بنیادوں پر اسلام آباد پہنچنے کا حکم دیا تھا۔ علاوہ ازیںپنجاب میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بدھ کو بنی گالا میں ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے اوروزیراعظم نے ضمنی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پارٹی کے رہنمائوں کو ذمے داریاں بھی سونپ دی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اجلاس میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے مشاورت کو مکمل کرلیاہے ،مجوزہ امیدواروں کے ناموں کی فہرست انتخابی مہم سمیت دیگر امور پر بھی حکمت عملی طے کی گئی ہے ۔اجلاس میں گورنر پنجاب چودھری سرور ، اعجاز چودھری ،وفاقی وزیر فواد چودھری اورمعاون خصوصی عثمان ڈار نے بھی شرکت کی ۔ گورنر پنجاب سمیت تمام شرکا نے وزیراعظم کو ضمنی انتخابات کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں جبکہ اعجاز چودھری نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم کو حلقہ این اے 75ڈسکہ اور پی پی 49وزیر آباد سے متعلق رپورٹ پیش کی ،پارٹی سفارشات کی بنیاد پر امیدواروں کی نامزدگی کا فیصلہ وزیراعظم خود کریںگے جبکہ وزیر اعظم نے پنجاب کے سیاسی اور انتظامی امور کے حوالے سے اہم فیصلے کرنے کے لیے (آج) جمعرات کو اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی بلایا ہے جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت پارٹی کے سینئر رہنما شرکت کریںگے ۔