ـ5 امریکی ریاستوں میں ابتدائی انتخابات ،رائے دہی مکمل

373
امریکا: مختلف ریاستوں میں ہونے والے ابتدائی انتخابات میں شہری سڑک کے کنارے رکھے گئے بکسوں میں ووٹ ڈال رہے ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی5 ریاستوں میں گزشتہ روز ہونے والے پرائمری انتخابات کی رائے شماری مکمل ہونے کے بعد نتائج مرتب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست ایریزونا میں ووٹروں کی بڑی تعداد نے رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل پارٹی امیدواروں کے مابین ابتدائی مقابلوں میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ریاست ایریزونا، کنساس، مشی گن، میسوری اور واشنگٹن میں ابتدائی انتخابی مقابلوں کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ایریزونا میں سینیٹ کی نشست پر ری پبلکن سینیٹر مارتھا مک سیلی اور ڈیموکریٹک پارٹی کے مارک کیلی امیدوار ہیں۔ علاوہ ازیں کنساس میں سینیٹ کی نشست کے لیے مجموعی طور پر 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ مشی گن میں ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی مسلمان رکن کانگریس رشیدہ طلیب کو ڈیٹرائٹ سٹی کونسل کی صدر برینڈا جونز کا چیلنج درپیش ہے۔ دریں اثنا ریاست میسوری اور واشنگٹن میں بھی ایوان نمایندگان کے پرائمری مقابلے ہوئے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث امریکا میں ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے معاملے پر ری پبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی مرتبہ اظہار کر چکے ہیں کہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ سے جعلی ووٹ کاسٹ ہو سکتے ہیں۔