یمن میں سیلاب‘ 8 بچوں سمیت 16 افراد بہ گئے

160
یمن: شدید بارش کے بعد سیلاب میں پھنسے شہری نکلنے کی کوشش کررہے ہیں‘ قدرتی آفت نے دیوار کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس کے نتیجے میں کئی افراد سیلاب میں بہہ گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سیلاب اور بجلی گرنے کے واقعات میں 17 افراد ہلاک ہوئے جن میں 8 بچے بھی شامل ہیں۔ یمن کے علاقے مآرب میں مسلسل بارش کے باعث رہایشی علاقے زیر آب آ گئے۔ دارالحکومت صنعا، حدیدہ اور تعز کے علاوہ 3 صوبوں میں طوفان نے تباہی مچادی ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں گھر تباہ ہوگئے جب کہ شہریوں کے لیے بنائے گئے امدادی اور عارضی پناہ کے کیمپ اکھڑ گئے۔ متاثرین کو شدید بارش میں کھلے آسمان تلے رات گزارنا پڑی۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارش کا سلسلہ مزید 3 روز تک جاری رہے گا جب کہ کچھ علاقوں میں خطرناک طوفان کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں طوفانی بارش سے جازان میں سڑکیں زیر آب آگئیں جب کہ وادی نجران میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں برساتی نالوں میں طغیانی کی کیفیت ہے۔ شہری دفاع کی جانب سے لوگوں کو ہدایات کی گئی ہیں کہ سیلاب سے دور رہیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔