آئرلینڈ نے انگلینڈ کو ہراکر ون ڈے سریز جیت لی

386

سائوتھمپٹن (جسارت نیوز) پال اسٹیرلنگ اور کپتان اینڈریو بالبیرنی کی ریکارڈ پارٹنرشپ اور سنچریوں کی بدولت آئرلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد عالمی چیمپئن انگلینڈ کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا دیا،3 میچوں کی سیریز 2-1 سے انگلینڈ کے نام رہی، اس کامیابی کے ساتھ ہی آئرش ٹیم نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ 2020ء 10 پوائنٹس کے ساتھ اپنا کھاتہ بھی کھول لیا، انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 49.5 اوورز میں 328 رنز بناکر مہمان آئرش ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 329 رنز کا ہدف دیا جو بعد میں پال ا سٹیرلنگ اور کپتان اینڈریو بالبیرنی کی سنچریوں کی بدولت آئرش ٹیم 49.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، آئن مورگن 106، ٹام بنٹن 58 اور ڈیوڈ ویلے 51 رنز بھی اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے، آئرلینڈ ٹیم کے بلے بازوں نے انگلش بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور نہ صرف اپنی اپنی سنچریاں اسکور کیں بلکہ دوسری وکٹ پر ریکارڈ 214 رنز کی شراکت داری قائم کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پال ا سٹیرلنگ 142 اور اینڈریو بالبیرنی 113 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ آئرلینڈ کے پال ا سٹیرلنگ میچ جبکے ڈیوڈ ویلے سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سائوتھمپٹن میں میچ شروع ہوا تو آئرش کپتان اینڈریو بالبیرنی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کو ترجیح دی۔ انگلینڈ ٹیم کا آغاز مایوس کن تھا جب جیسن روئے، جونی بیئر سٹو اور جے وینس 44 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد کپتان آئن مورگن اور ٹام بینٹن نے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا، دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 146 قیمتی رنز بنائے اور ٹیم کے مجموعی ا سکور کو 190 رنز تک پہنچا دیا۔ کپتان مورگن 106، ٹام بنٹن 58، ڈیوڈ ویلے 51 اور ٹام کیرن ناقابل شکست 38 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کریگ ینگ نے 3، جوشوا لٹل اور کرٹس کیمپفر نے2,2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں آئرش ٹیم کی طرف سے پال اسٹیرلنگ اور گیرتھ ڈیلنی نے ٹیم کو 50 رنز کا آغاز فراہم کیا اور گیرتھ ڈیلنی 12 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد پال اسٹیرلنگ اور کپتان اینڈریو بالبیرنی انگلش بولرز کے سامنے ڈٹ گئے اور سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے، دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف سنچریاں اسکور کیں بلکہ دوسری وکٹ پر 214 رنز کی ریکارڈ شراکت داری قائم کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پال ا سٹیرلنگ 142 اور اینڈریو بالبیرنی 113 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ ہیری ٹکٹر ناقابل شکست 29 جبکے کیون اوبرائن ناقابل شکست 21 کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، یوں آئرلینڈ نے سخت مقابلے کے بعد مطلوبہ ہدف 49.5 اوورز میں حاصل کرکے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں عالمی چیمپئن انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔